پیپلز پارٹی اور نون لیگ لوٹوں کو کہیں اور شفٹ کر لیں ، فواد چودھری

Published On 18 March,2022 07:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سندھ ہاؤس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے دھاوا بولے جانے کے بعد کہا کہ اخلاقی طور پر کارکنوں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، منحرف ایم این ایز نے گھٹیا حرکت کی، معاشرے میں ان کے لیے نفرت پائی جاتی ہے، پیپلز پارٹی اور نون لیگ لوٹوں کو کہیں اور شفٹ کر لیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہاؤس اس وقت ضمیر فروشی کا مرکز ہے، منحرف اراکین کے خلاف یہ نفرت بڑھے گی، وزیراعظم، اسد عمر نے کارکنوں کومنع کیا ہے۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ کسی ایم این اے کو ملاقات سے انکار نہیں کیا، ہمیشہ ایم این ایز کے مطالبات کو سنا جاتا ہے، نورعالم، راجہ ریاض کے مطالبات کا نہیں پتا، اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو پہلے استعفیٰ دینا چاہیے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ سندھ ہاؤس کو نیا چھانگا مانگا بنائیں گے تو عوام کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا، جوں ہی واقعہ کا علم ہوا سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کارکنان کو تحمل اور بردباری کا درس دیا، سندھ ہاؤس خالی کرنے کا کہا لیکن سچ یہ ہے عوام کے جذبات سے کھیلنا بند کریں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں۔

ایک اور ٹوئٹ میں فواد چودھری نے لکھا کہ سندھ ہاؤس ایک بہت ہی حساس علاقے میں ہے جہاں چیف جسٹس ہاؤس، وزراء کالونی اور اہم رہائش گاہیں ہیں، پیپلز پارٹی اور نون لیگ لوٹوں کو کہیں اور شفٹ کر لیں ورنہ پورا مہینہ تماشا لگا رہے گا، ہم کس کس کو روکیں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا گیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو حرست میں لے لیا۔
 

Advertisement