اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے آرٹیکل 63 اے کے حوالے سے 2 بنیادی سوالات پر رائے مانگی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر راج سے متعلق اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایسی کوئی صورتحال نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلیے ریفرنس پیر کو سپریم کورٹ میں داخل کر دیا جائیگا، وفاداری تبدیل کرنا اعتماد توڑنا ہے اور جرم سے پہلے جرم کو روکا جائے، ریفرنس میں 63اے کے حوالے سے 2 بنیادی سوالات پر عدالت کی رائے مانگی جائے گی۔
سوالات کے مطابق ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ اور چند اراکین اسمبلی کی بلیک میلنگ سے سیاسی جماعتیں کیسے نکلیں، موجودہ آئینی سکیم میں رہتے ہوئے وفاداری تبدیل کرنے کو کیسے روکا جاسکتا ہے، پاکستان عدالتی رائے تک کیا اس ریفرنس کو بنیاد بنا کر سپیکر عدم اعتمادکی کارروائی روک سکتاہے؟
اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپیکر نے اس متعلق مجھ سے کوئی رائے نہیں مانگی۔