اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی ٹی آئی) کے رہنما شرجیل میمن نے سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے دھاوا بولے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی ایما پر سب کچھ ہوا، شیخ رشید میں اگرغیرت ہے تو ان کو استعفیٰ دینا چاہیے، سندھ ہاؤس انتظامیہ نے اسلام آباد پولیس سے رابطہ کیا مگر وہ نہیں آئے، اگر سندھ پولیس نہ ہوتی تو لوگوں کی اموات ہوسکتی ہے، سندھ ہاؤس پر حملہ، ہم صوبے پر حملہ سمجھتے ہیں۔
سندھ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹائیگرفورس نے بدترین دہشت گردی کا مظاہرہ، اسلام آباد پولیس خاموش ہو کر تماشا دیکھتی رہی، یہ کارکن اچانک نہیں آئے تھے، سندھ ہاؤس پر حملہ، سندھ صوبے پر حملہ سمجھتے ہیں، اس سے بدترین مثال نہیں ملتی، حملے میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہاؤس کے اندر فیملیز رہتی ہیں، بنی گالہ اور وزیراعظم ہاؤس بھی ہم نے دیکھا ہوا ہے، ہمیں سندھ میں پی ٹی آئی دفاتر کا پتا ہے لیکن ایسا نہیں کریں گے، یہ چاہتے ہیں انارکی کی صورتحال ہو، پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے بعد اراکین اسمبلی نے سندھ ہاؤس میں پناہ لی تھی، عمران خان تصادم کی سیاست چاہتے ہیں تاکہ ووٹنگ نہ ہو، یہ پاکستان کی سالمیت، سندھ پر حملہ ہے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ یہ اسلام آباد پولیس اور وزیرداخلہ کی ناکامی ہے، بدقسمتی سے عمران خان نے پوری قوم کو رلایا، آج یہ شکست خوردہ لوگ رو کر ایسی حرکتیں کر رہے ہیں، عمران نیازی شکست نظر آنے پر فیصلہ سڑکوں پر کرانا چاہتے ہیں، ہم اپنی جنگ روڈ نہیں پارلیمنٹ میں لڑیں گے، اپوزیشن میچور ہے تصادم نہیں چاہتے۔