'قومی اسمبلی اجلاس 14 دن میں نہ بلا کر حکومت آرٹیکل 6 کے جرم کی مرتکب ہوئی'

Published On 21 March,2022 12:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے 14 دن میں قومی اسمبلی اجلاس کا آئینی تقاضا پورا نہیں کیا، عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی آرٹیکل 6 کے جرم کے مرتکب ہوئے۔

مسلم لیگ ن نے وزیراعظم اور سپیکر کو خلاف آئین اقدامات پر وارننگ دیدی، مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ سپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس 14 روز میں نہ بلانا آئین سے انحراف ہے، سپیکر کا رویہ تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا، دستور شکنی غداری اور بغاوت ہے، سزا کے لئے تیار رہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے بھی ملتا جلتا موقف اپنایا ہے، نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏آئین کے آرٹیکل 54 کے مطابق آج قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا چاہئے تھا، 25 مارچ کو اجلاس بلا کر سپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ دینے سے پہلے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے مطابق کاروائی نہیں ہو سکتی، آرٹیکل 63 اے بالکل واضح ہے، وزیرعظم اور حکومت ارکان کو ڈرانا دھمکانا بند کریں۔