اپوزیشن کا حکومت گراؤ مشن، نون لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ کا گوجرانوالہ میں پڑاؤ

Published On 27 March,2022 01:09 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) اپوزیشن کے حکومت گراؤ مشن کے تحت نون لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ نے گوجرانوالہ میں پڑاؤ ڈال لیا۔

مارچ میں شریک ن لیگی متوالوں کا جوش وخروش دیدنی ہے، جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، مریم نواز،حمزہ شہباز اور دیگر رہنماؤں کا خطاب شیڈول ہے۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے مہنگائی مکاو مارچ کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا، کہتے ہیں اپنے اور آپ کے قائد میاں محمد نوازشریف کا ایک اہم پیغام آپ کو دینا چاہتا ہوں۔ عمران نیازی کے اس ساڑھے تین سالہ دور میں پاکستان میں سب سے اونچی سطح پر مہنگائی ایک سچ ہے۔ بدترین غربت ایک سچ ہے۔ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک سچ ہے، عام آدمی اور غریب آدمی کے ساتھ ظالمانہ رویہ ایک سچ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اٹھو اور اس مہنگائی مکاو مارچ میں جوق در جوق شامل ہوں ، عوام کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث اس حکومت کا سیاسی اور آئینی طریقے سے خاتمہ کرکے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کا مستقبل بچالیں۔ اللہ تعالی آپ کی اس ہمت اور ان کاوشوں کو کامیاب کرے گا۔
 

Advertisement