لاہور: (لیاقت انصاری سے) عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر مسلم لیگ ق کی قیادت نے آج سے اسلام آباد میں رابطوں اور ملاقاتوں کا محاذ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ق کی قیادت آج اسلام آباد جائے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور وفاقی وزیر مونس الہی آج اسلام آباد جائیں گے، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی آج اسلام آباد پہنچیں گے، چوہدری شجاعت حسین پہلے ہی اسلام آباد میں ہیں، مسلم لیگ ق کی قیادت اسلام آباد میں اہم سیاسی ملاقاتیں کرے گی۔
مسلم لیگ ق کی قیادت کی حکومتی ٹیم سے ایک اور ملاقات آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان بھی اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوں گی، مسلم لیگ ق کی قیادت ملاقاتوں کے بعد عدم اعتماد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔