تحریک انصاف حکومت کو بڑا جھٹکا،شاہ زین بگٹی نے علیحدگی کا اعلان کر دیا

Published On 27 March,2022 01:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا دیدیا، حکومتی اتحادی نے عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری سے جمہوری وطن پارٹی کے صدر شاہ زین بگٹی نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دی ، پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سربراہ جمہوری وطن پارٹی شاہ زین نے بہادری کے ساتھ اہم فیصلہ کیا، تبدیلی کے نام پر عوام سے دھوکا کیا گیا،عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو بھی استعمال کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل 28 مارچ کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایک دوسرے کی وکٹیں گرانے کے دعوے بھی جاری ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق سینئر مشیر، سینیٹر اور قانون دان افتخار احمد نے وزیراعظم عمران خان کے ایک ادنی سپاہی کی حیثیت سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، انہوں نے یہ اعلان دو روز قبل کیا۔
 

Advertisement