ناظم جوکھیو قتل کیس، پی پی ایم این اے کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل

Published On 29 March,2022 01:43 pm

کراچی: (لیاقت علی رانا) ناظم جوکھیو قتل کیس میں مطلوب جام عبدالکریم کی وطن واپسی کے معاملے پر ایف آئی اے نے پیپلزپارٹی ایم این اے کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے جام کریم کی وفاقی حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔ گورنر سندھ نے نام شامل کرنے کیلئے ایف آئی اے کو خط لکھا تھا۔ جام عبدالکریم نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔ جام کریم نے عدم اعتمادتحریک کیلئے دبئی تا اسلام آباد ٹکٹ کنفرم کرائی تھی۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں شیخ رشید اور گورنر سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکی گئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ جام عبدالکریم نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں 3 اپریل تک حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ پھر بھی وزیرداخلہ شیخ رشید نے گرفتار کرنے کا اعلان کرکے عدالتی احکامات کا مذاق اڑایا، گورنر سندھ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وفاق کو خط لکھا دونوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے کہا پہلے ملزم کو آنے تو دیں اگر گرفتاری ہوتی ہے تو پھر توہین عدالت کی درخواست دائر کریں، اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو پھر دیکھیں گے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا جب کچھ ہوا ہی نہیں تو ہم کیسے توہین عدالت کے نوٹسز جاری کریں؟ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کے دلائل سننے سے بھی انکار کردیا۔ عدالت نےدرخواست خارج کر دی۔