اسلام آباد:(فوزیہ علی سے) اگلے 10 روز کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، بدھ سے جمعہ کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی لہرمیں اضافہ ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ، جنوبی پنجاب، وسطی/جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
2 اور 3 اپریل یعنی ہفتہ اور اتوار کو بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران اسلام آباد، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی، اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق طویل خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ ہے، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کریں، لوگ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔