اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف سازش ناکام ہو گئی، غداروں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ سازش ناکام ہو گئی، اب اپوزیشن رہنماوں سے بولا نہیں جا رہا جبکہ کپتان نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی کسی کی مداخلت برداشت نہیں کرتے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خصوصی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کو مبارک دینا چاہتا ہوں، سپیکر قومی اسمبلی نے رجیم تبدیل کرنے کی تحریک مسترد کر دی، عدم اعتماد کو مسترد کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی، غدار بیٹھے ہوئے تھے، ملک کیساتھ غداری ہو رہی تھی، سب کو یہی پیغام دیا گھبرانا نہیں، انشااللہ ایسی سازش قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے، کسی بیرونی قوت نے ملک کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرنا۔ یہ فیصلے عوام نے کرنے ہیں۔ اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ ارکان اسمبلی خریدنے کی بجائے غریبوں کا بھلا کر دیں، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے۔