اسلام آباد: (دنیا نیوز) ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، جہاں اپوزیشن اراکین نے ڈیسک بجا کر طارق بشیر چیمہ کا استقبال کیا۔ طارق بشیر چیمہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ گئے۔ چودھری سالک حسین کا بھی اپوزیشن کی حمایت کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل طارق بشیر چیمہ نے وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے اس استعفے کے بارے میں چوہدری شجاعت حسین کو بتا دیا۔ طارق بشیر چیمہ نے یہ بھی کہا کہ ق لیگ میں ہوں، چوہدری صاحب کے ساتھ ہوں، ان کا ورکر ہوں۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے اسمبلی میں موجود اپوزیشن کے 174 ایم این ایز کی لسٹ ٹویٹ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کے 84، پی پی پی 56، ایم ایم اے 14، اے این پی 1، بی این پی مینگل کے 4 ایم این ایز ہیں، ایم کیو ایم کے 6، بی اے پی کے 4، جمہوری وطن پارٹی کا 1 آزاد 4 ایم این ایز شامل ہیں۔