لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا ہے کہ ترین گروپ کے ساتھ ساتھ علیم خان گروپ بھی عمران خان کا ساتھ دے گا۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس چھے اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے، افسوس ان غنچوں پر جو بن کھلے مرجھا گئے۔ وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوئے، مجرم اور ملزم باپ بیٹا اقتدار کے خواہاں تھے، اپوزیشن والے لوگوں کے ضمیر خرید کر اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی ہمارے نمبر پورے تھے، سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے، لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے وزارت اعلی کیلئے امیدوار پرویز الہی کو نامزد کیا تھا اور حمزہ شہباز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار تھے۔ عبد العلیم خان گروپ نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ ترین گروپ بھی حمزہ شہباز کے حمایتیوں میں شامل تھا۔ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہونے پر وزارت اعلی کے انتخاب کے بغیر ہی اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔