لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے دھرنا دے دیا، انتظامیہ نے بجلی بند کردی، ن لیگ نے احتجاج کیا اور چیف سکیورٹی آفیسر کے آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اے سی اور بجلی بند کرنے پر ن لیگ نے ہنگامہ آرائی کی، عظمیٰ بخاری اور خواتین دفاتر میں پہنچ گئیں۔
اس موقع پر رانا مشہود نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی کو وارننگ دے رہے ہیں وضو کا پانی، اے سی لائٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایک سو اٹھانوے ایم پی ایز میں موجود ہیں، باتھ روم بھی استعمال نہیں کرنے دیا جارہا، گرفتاری کا سامان لایا جا رہا ہے، پرویز الٰہی اور افسر شاہی نے مسلمانوں کو افطاری کا سامان لانے سے منع کر دیا ہے، اگر صورتحال کنٹرول نہ کی گئی تو پھر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، عمران خان بھگوڑا اور پرویز الٰہی مسلمان کو بھول چکا ہے۔
اپوزیشن نے اسمبلی میں ہنگامہ کیا، اجلاس ملتوی کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا:پرویز الٰہی
سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اسمبلی میں ہنگامہ کیا، اجلاس ملتوی کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ن لیگ نےشورشرابہ کیا، ہمیں کسی چیزکی ضرورت نہیں تھی،ہمارے نمبرزپورےتھے۔ تحریک انصاف کےلوگوں کوحق تھاکہ اپنےممبران کوواپس لیکرآئیں، پی ٹی آئی کےلوگ جب اپنےلوگوں کواپوزیشن بنچزسےلارہےتھےتوان پرحملہ کیاگیا۔ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنےکی دوردورتک کوئی سوچ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین فارغ ہو گئے ہیں، علیم خان سوسائٹیوں کا کام کریں، ،ترین صاحب لندن رہتےہیں وہی رہیں۔ چودھری سرورکاکیامستقبل ہےیہ اللہ کوپتاہوگا،ان کورات کوالہام تونہیں ہواکہ ہمارے نمبرپورےنہیں۔ چھے اپریل کو پورا نقشہ سب کے سامنے ہوگا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں آج وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے وزارت اعلی کیلئے پرویز الہی کو امیدوار نامزد کیا تھا جبکہ حمزہ شہباز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار تھے۔ اجلاس میں کچھ اراکین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی جس کے سبب اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔