لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما پرویزالہٰی کووارننگ دیتا ہوں ہوش کے ناخن لیں۔
پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ آئین وقانون کا جنازہ دھوم سے نکل رہا ہے، آئین وقانون کا جنازہ نکلے توملک ٹوٹ جاتے ہیں، آئین وقانون کے تحت صوبے کو آگے بڑھنے دیں۔ کل جتھے نے ہوٹل میں گھس کرحملہ کرنے کی کوشش کی، سپریم کورٹ معاملے کا نوٹس لے، ہمارے پاس 200 سے زائد نمبرز تھے، پرویزالہیٰ کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو اجلاس ملتوی نہ کرتے۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پرویزالہیٰ آئین کی دھجیاں اڑانے کے پرانے کھلاڑی ہیں، پرویزالہیٰ نے نوازشریف کواٹھایا اور پھرعدم اعتماد کردیا تھا، پرویزالہیٰ نے زرداری کومٹھائی دی اوراگلے دن مکرگئے۔ ملک میں آئین وقانون کا راج ہوگا توسب عزت سے رہ سکیں گے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کس سے بات کریں، ملک اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کا بھی اتنا ہی ہے جتنا ہمارا ہے۔ عمران نیازی خودکش بمباربن کرسسٹم تباہ کرنا چاہتے ہیں، آئین پاکستان بڑی محنت سے بنا، ایک ماہ کے دوران ڈالرکی قدر میں8روپے اضافہ ہوا، سٹاک ایکسچینج زمین بوس ہو گیا۔