متحدہ اپوزیشن کا اجلاس، حمزہ شہباز 199 ووٹ لیکر پنجاب کے علامتی وزیراعلیٰ منتخب

Published On 06 April,2022 09:33 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کو خاردار تاروں سے سیل کرنے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ اسمبلی کے اجلاس میں حمزہ شہباز 199 ووٹ لے کر پنجاب کے علامتی وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، مریم نواز اور دیگر ارکان بس میں سوار ہوکر ہوٹل پہنچے جہاں پر حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کی قرارداد اکثریت سے منظور کر لی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی جانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ مقامی ہوٹل پہنچیں، اجلاس میں حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ 199 ووٹ ملے جبکہ پینل آف چئیرمن کا ایک ووٹ پلس ہوا، مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں پڑا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل کی رکن شازیہ عابد نے کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی تمام خواتین ارکان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مریم نواز شریف جذباتی ہوگئیں اور حمزہ شہباز کو ان کی نشست پر جا کر گلے لگا کر مبارک باد دی۔

مریم اور حمزہ ارکان پنجاب اسمبلی سے اظہار یکجہتی کیلئے بس میں سوار ہوئے۔ اس دوران مریم نواز ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتی رہیں۔

مقامی ہوٹل میں ن لیگ،علیم خان گروپ، ترین گروپ اور چھینہ گروپ کے اراکین بھی پہنچے۔

اس موقع پر ترین گروپ کے عون چوہدری بھی نجی ہوٹل پہنچے اور انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین دو تین روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔

اجلاس میں شرکت کے لئے نون لیگ کے اراکین میں بلال یایسن، خواجہ عمران نذیر، رانا مشہود، غزالی بٹ، رانا محمد اقبال، میاں مرغوب احمد، میاں مجتبیٰ شجاع ، منشاء اللہ بٹ، خلیل طاہر سندھو، ملک ندیم کامران بھی شریک ہوئے۔ 

حمزہ شہباز

اجلاس میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ایوان نے انہیں منتخب کر کے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا، ریاست مدینہ کے دعویدار ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ترین گروپ اور علیم خان گروپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، وفاق ، پنجاب میں جو تماشہ لگایا ہوا ہے وہ آئین کے خلاف کھلواڑ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک روپیہ بھی کرپشن کا ثابت نہیں کر سکے، عثمان بزدار ایس ایچ او لگانے کے بھی پیسے لیتا رہا ہے، پرویز الٰہی صاحب ووٹ کی طاقت سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، انتظامیہ نے اگر پرویز الٰہی کے کہنے پر جو بھی غیر قانونی اقدام اٹھایا تو اس کا حساب ہو گا، سپریم کورٹ سے کہنا چاہتا ہوں عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، اپنی ذاتی انا کی خاطر آئین و قانون کو پیروں تلے روندا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام محب وطن اداروں سے کہتا ہوں کہ لاکھوں قربانیوں کو مت بھولیں، شہباز، نواز شریف کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ایک کارکن پر اعتماد کیا، میں مسلم لیگ ن کا ایک کارکن ہوں، عمران نیازی نے جو بھی وعدے کئے سب جھوٹ ثابت ہوئے۔

مونس الٰہی

سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ حمزہ شہباز کو نجی ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننے پر مبارک ہو۔

مریم نواز

مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ حمزہ شہباز اپوزیشن اراکین کے 199 ووٹوں کے ساتھ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

 لاہور کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حمزہ نواز شریف کا ماننے والا ہے، پنجاب کے عوام کی خدمت کرے گا، آج نواز شریف نے پنجاب کے عوام کے منڈیٹ چرانے کا بدلہ لے لیا ہے، ن لیگ کے مینڈیٹ پر شب خون ماراگیا اور پنجاب میں حکومت نہیں بننے دی۔ عثمان بزدار نام کا وزیراعلیٰ تھا ،اس کو چلاتی فرح تھی، آج پنجاب کے عوام کو مبارک باد دیتی ہوں ، آپ کے مینڈیٹ چرانے کا بدلہ لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو دو دو کلو چینی کے لیے بھکاری بنادیا گیا تھا، انھوں نے پنجاب کی چینی ، گیس، بجلی، ترقی چوری کی، پورے پنجاب میں ایک سڑک نہیں بنی ترقی ہوئی تو فرح گجر کے گاؤں میں ہوئی۔ میرا سر شرم سے جھک گیا ہے جس طرح پنجاب اسمبلی کو تالا لگایا گیا، آکر گن لو پنجاب کے 200 نمائندے یہاں موجود ہیں، ہم نے ڈکٹیرز کے دور میں دیکھا تھا کہ وہ اسمبلیوں میں اپنے نمائندے بٹھاتے تھے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ چودھری ظہور الہٰی شہید کی بھی کوئی خاندانی روایات تھیں، پرویز الہٰی سے پوچھتی ہوں آپ نے اس آئین شکن کا ساتھ کیوں دیا، آپ کچھ بھی کریں یہ بازی آپ ہار چکے ہیں۔ پاکستان کا پہلا سویلین ڈکٹیر ہونے کا اعزاز عمران خان نے حاصل کیا، یہ پہلا سویلین حکمران ہے جس نے آئین کو توڑا ہے، اس کو اقتدار میں آنا ذلت سے نصیب ہوا اور جانازیادہ ذلت سے نصیب ہو۔

Advertisement