اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ 56 سو ارب سے زیادہ، جانے والے شہباز شریف کے لیے بارودی سرنگ بچھا کر گئے ہیں، انہوں نے سستی شہرت کے لیے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا، صورتحال میں بہتری لاکر دکھائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ فی الفور مہنگائی کم نہیں کر سکتے، کرنسی ڈی ویلیو کر دی گئی، گندم، چینی اور کھاد سمگل کر دی گئی اب واپس تو لا نہیں سکتے، ہم نے فوری طور پر تنخواہوں میں اضافہ کیا تاکہ کچھ تو لوگوں کو فائدہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ میثاق معیشت 2018 میں بھی کرنے کو تیار تھے، تحریک انصاف والے جھوٹے ضرور ہیں لیکن ہمارے بھائی ہیں، عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں ہمیں یہ سنجیدہ نہیں لینا چاہئے، پہلے کہتے تھے ہم نے پیسے دیے بعد میں امریکی سازش آگئی، آپ نے سستی شہرت کے لیے ملک داؤ پر لگا دیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پرائس مانیٹرنگ کا نظام بہتر کیا جائے گا، کل اسٹاک مارکیٹ 1700 پوائنٹس اوپر گئی، سابق حکومت نے کہا تھا کہ 4 ہزار ارب کا خسارہ ہوگا، ملکی خسارہ 5600 ارب سے تجاز کرچکا ہے، رواں سال 6400 ارب روپے خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، وزیراعظم نے کم ازکم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت جب ختم ہوئی، ہم چینی اور گندم برآمد کر رہے تھے، ہم کسانوں کیلئے بجلی کی قیمتوں پر نظرثانی کرینگے، پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری ہونی چاہیے، ہمیں سٹیل ملز اور پی آئی اے کے ملازمین کی نوکریوں کا بھی خیال رکھنا ہے۔