اسلام آباد:( عمر جٹ سے ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا، توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں، 24 ارب کی تفتیش کرنے والوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ اپنے افسران لگا کر میچ فکس کریں گے، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی، ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بر وقت حلقہ بندیاں نہ کر کے نا اہلی کا مظاہرہ کیا، الیکشن کمیشن کی نااہلی کے باعث ملک میں قبل از وقت انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کو ٹکٹ دیکر سبق سیکھا ہے کہ اتحادی نہیں ہونے چاہئیں، پچھلے انتخابات میں ٹکٹوں پر توجہ نہیں دی تھی، اس بار ٹکٹس خود دیکھ کر دوں گا، میرے خلاف اس وقت سازش ہوئی جب چیزیں ٹھیک ہو رہی تھیں، میری اس مافیا سے لڑائی تھی جو قیمتیں اوپر لے جا رہی تھیں۔
عمران خان نے کہا ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں، 24 ارب کی تفتیش کرنے والوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا، ریفرنس اس وقت وزارت قانون کی جانب سے بھیجا گیا تھا، میرا کسی سے کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرح خان کے پاس عہدہ تھا نہ وزارت کیسے پیسے لے سکتی ہے، کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنےلائے، توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک غیرملکی صدر نے گھر آکر تحفہ دیا وہ بھی جمع کروا دیا، کراچی، پشاور میں جتنے لوگ نکلے پاکستان میں پہلے نہیں دیکھا، جب یہ میچ کھیلتے ہیں تو امپائر ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں، قوم سے اپیل ہے انہیں تسلیم نہ کیا جائے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آزاد باڈی کے ذریعے ہونی چاہیے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی، کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان ہو، ہمارے لیے مضبوظ فوج بہت ضروری ہے، شہبازشریف ابھی سے سیاسی انجینئرنگ کر رہا ہے، یہ اپنے افسران لگا کر میچ فکس کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کے 108 کروڑ بچائے ، یہ کوشش میں ہیں کہ نواز شریف کے کیس ختم ہوں، زرداری کے بڑے ہیں سب ضمانتوں پر ہیں۔