اسلام آباد:(دنیا نیوز) ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں اجتماع کی اجازت دینے کا حکم دے دیا جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کی درخواست انتظامیہ کو ہدایت کے ساتھ نمٹا دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی سکرینیں لگانے کی اجازت نہ دینے کے خلاف کیس درخواست پر سماعت کی۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا وقاص اور پی ٹی آئی کی جانب سے حیدر بن مسعود ایڈووکیٹ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عتیق الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی استفسار پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ چار سے چھ ہفتے مانگ رہے ہیں اس طرح ایف نائن پارک کی اجازت نہیں دے سکتے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ آج کی اجازت مانگ رہے وہ آپ دے سکتے ہیں۔ آپ مناسب پابندیاں لگا سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آج کی اجازت دے دیں آئندہ جب بھی احتجاج کرنا ہو گا ہم اجازت لے لیا کریں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں گے۔ صحت مند سرگرمی نا روکیں۔