پاکستان کی قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت

Published On 24 April,2022 11:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی پرزور مذمت کی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل و غارت سمیت پر تشدد کارروائیاں ہندوتوا پالیسی پر عمل پیرا بی جے پی کی انتہا پسند سوچ کی عکاس ہیں۔ بھارت طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کو محکوم بنانے میں ناکام رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے اضلاع بارہ مولہ اور جموں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ بھارتی فوج نے دو نوجوانوں کو ضلع جموں کے علاقے سنجوان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں شہید کیا ۔ تیسرے نوجوان کو ضلع بارہ مولا کے علاقے پرسوانی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران ایک بھارتی فوجی ہلاک اور نو زخمی ہو گئے تھے۔
 

Advertisement