سرینگر: (دنیا نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا، جگہ جگہ فوج کے پہرے، خار دار تاریں لگا کر راستے بند کر دیئے گئے، کشمیریوں نے وادی میں مودی کی آمد پر مکمل ہڑتال کر رکھی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا دکھا کر دنیا کو بے وقوف بنانے کی کوششیں، کشمیریوں نے بھارتی حکومت کی سازش ناکام بنا دی، وادی بھر میں ہڑتال کے سبب چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند، راستے سنسان ہیں۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دی گئی جس کا مقصد نام نہاد بھارتی سرکار کو کھلا پیغام دینا ہے کہ کشمیری آزادی کے مطالبے سے کبھی دست بردار نہیں ہوں گے اور تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر آسانی سے نہیں بیٹھیں گے۔
معروف حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مودی کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کی تمام حدیں پار کر دیں، کشمیری کبھی سرنڈر نہیں کریں گے، تحریک آزادی کشمیر کامیاب ہوں گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جب تک آزادی نہیں مل جاتی، کشمیریوں کیلئے ہر دن یوم سیاہ کی طرح ہے۔ کشمیری 75سال سے جو قربانیاں دے رہے ہیں، اس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی، حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، بھارتی قیادت نے پورے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت