مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، شرکا نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کی ہدایت پر وادی بھر کی طرح کوٹلی میں بھی ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی احاطہ کچہری اور مین روڈ کا چکر لگاتے ہوئے ڈی سی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکا نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مظالم اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں کا قاتل ہے، کشمیر ی مودی کے ناپاک قدم کشمیر کی دھرتی پر قبول نہیں کرتے۔