لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تین ہفتے ہوگئے سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں، گورنر پنجاب اور صدر مملکت تاریخ کو داغدار نہ کریں،عمران نیازی کارکنوں کو اداروں پر چڑھائی کی تربیت دے رہے ہیں۔
لیگی رنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے صدر صاحب اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، آئین سب سے بڑا ہے، انا چھوٹی ہے، آئین کے تحت کام کریں، عمران نیازی کے ذاتی غلام نہ بنیں، میرا حلف نہ لینے کا ایک ہی آدمی ذمہ دار ہے جس نے آئین توڑ ہے۔
ادھر لیگی ہنما عطا تارڑ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے آج یا کل حلف برداری کی تقریب ہوگی، اُنہوں نے کہا اب صدر یا گورنر کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، وہ مزید آئین شکنی نہیں کر سکتے، گورنر پنجاب نے گورنر ہاؤس کو سازشوں کا گڑھ بنارکھا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج عدالت نے صدر پاکستان کو تاکید کی ہے کہ آئین کی پاسداری میں اپنا کردار ادا کریں، اگر آئین کی پامالی ہوگی اور قانون پر عملدرآمد نہیں کیا جائے گا تو عدالتوں کا رخ کریں گے، افسوسناک بات ہے ہائیکورٹ کے پچھلے حکم پر صدر مملکت نے عملدرآمد نہیں کیا،
لیگی رہنما نے کہا کہ عدالت نے ہدایت کی ہے کل تک تقریب حلف برداری ہونی چاہیے، آج آئین کا بول بالا ہوا اور قانون کی عزت بحال ہوئی، گورنر پنجاب عزت سے گھر چلے جائیں 5 دن مزید رہنا چاہتے ہیں۔