پشاور: (دنیا نیوز) عید کے پرمسرت موقع پر جہاں آج ہر طرف خوشیاں ہیں اور لوگ عید الفطر اپنے پیاروں کیساتھ منا رہے ہیں تو دوسری طرف پاک افغان بارڈر پر ایف سی نارتھ کے جوان ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔
عید خوشیوں کا نام ہے، مذہبی تہوار کو اپنے پیاروں کے ساتھ جوش و جذبے اور محبت سے منانے کا لیکن اس سب کے لیے امن لازمی ہے۔ خوشیوں میں مگن قوم کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے کےلیے پاک افواج کے جوان ہمیشہ کی طرح آج بھی صف اول میں کھڑے ہیں۔
عید الفطر کے موقع پر پاک افغان بارڈر پر قائم بگ بین چیک پوسٹ پر ایف سی نارتھ کے جوان جہاں ملکی سرحدوں کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تو وہیں اپنوں سے دورعید بھی منا رہے ہیں، سرحد پر نماز عید سمیت خصوصی دستر خوان کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ملک و قوم کی سلامتی کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے جذبے سے سرشار جوانوں کا کہنا ہے کہ وطن کی مٹی پر آنچ نہیں آنے دینگے۔
نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔