صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد

Published On 03 May,2022 09:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں، یہی اس دن کی حقیقی روح اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہے۔

عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ  میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صبر، ایثار اور قربانی کے ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں۔ یہی اس دن کی حقیقی روح اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہے۔
 

Advertisement