لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عید الفطر پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے، اس موقع پر ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔
میٹھی عید سب کو مبارک، ملک بھر میں عید الفطر منائی جا رہی ہے ،چھوٹے بڑے سبھی خوشیاں منا رہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں نمازعید کے چھوٹے، بڑے اجتماعات ہوئے جن میں فرزندان توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے رب کے حضور رمضان المبارک کے بعد عید الفطر جیسی نعمت پر شکر بجا لاتے ہوئے سجدہ ریز ہوئے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔
صدر مملکت نے اسلام آباد فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید ادا کی۔ انہوں نے قوم کوعید کی مبارک باد دی، عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا گو ہوں، اللہ تعالی اس مبارک دن کو خوشیوں کا سبب بنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و سالمیت کیلئے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کاخیال رکھیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس مظفر آباد میں نماز عید ادا کی، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد کے مدرسہ اقرا تعلیم القران میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے عید ملے۔ گورنر پنجاب نے لاہور میں، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان ، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں نماز عید ادا کی۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عید کی نماز ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان، مرتضیٰ وہاب ، خالد مقبول صدیقی اور عامرخان نے کراچی میں نماز عید ادا کی ۔
میٹھی عید کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے شہریوں نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا
نماز عید کے بعد سویاں بھی کھا لیں اور عیدی بھی وصول کر لی، اہداف پورے کرتے ہی بچہ پارٹی نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا۔
تفریح گاہوں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں، کوئی جھولے لے کر خوش تو کوئی اونٹ کی سواری میں مگن ہے۔ گھروں میں خواتین مہمانوں کی خاطر مدارات کی تیاریوں میں لگ گئیں، کسی نے اماں تو کسی نے ساس کی ریسیپی سے فائدہ اٹھایا۔ بریانی، چکن کڑاہی، مٹن چانپ ، شامی کباب سے عزیز رشتہ داروں کیلئے لذیذ پکوانوں کی تیاری جاری ہے۔
قبل ازیں نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے بڑی تعداد میں اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کرنے اور فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرلیا۔عید الفطر کے موقع پر پھولوں کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی دکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، پھول کی پتیوں کی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت جاری رہی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان سے پہلے ایک سو سے ڈیڑھ سو روپے فی کلو پتیاں فروخت ہوتی تھیں، اب قبروں پر بھی پھولوں کی پتیاں لے جانی مشکل ہو گئیں ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئیے کہ مذہبی تہوار کے موقع پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
نماز عید کے بعد شہریوں کی اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری ، فاتحہ خوانی، پھول چڑھائے
لاہور سمیت دیگر شہروں میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کرنے اور فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرلیا۔
عید کا خوشیوں بھرا دن ہو تو سب سے پہلے وہ پیارے، عزیز و اقارب یاد آتے ہیں جو اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نماز عید ادا کرنے کے بعد فرزندان توحید اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے پہنچے تو قبرستان کی فضائیں اگربتی اور پھولوں کی خوشبو سے مہک اٹھیں۔
لاہور کے بی بی پاکدامن قبرستان میں بزرگ، بچے، خواتین اور جوان اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے رہے، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور سورہ یاسین کی تلاوت بھی کی۔
عید الفطر کے موقع پر پھولوں کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی دکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، پھول کی پتیوں کی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان سے پہلے ایک سو سے ڈیڑھ سو روپے فی کلو پتیاں فروخت ہوتی تھیں، اب قبروں پر بھی پھولوں کی پتیاں لے جانی مشکل ہو گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی مرضی کے ریٹ لگائے ہوئے ہیں، انتظامیہ کو چاہئیے کہ مذہبی تہوار کے موقع پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں، یہی اس دن کی حقیقی روح اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہے۔
عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صبر، ایثار اور قربانی کے ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں۔ یہی اس دن کی حقیقی روح اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہے۔