عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں

Published On 03 May,2022 11:38 pm

لاہور:(دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، اسلام آباد، لاہور، کراچی پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نماز کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں، دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے اہل وطن کو میٹھی عید کی میٹھی مبارکباد بھی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں نمازعید کے چھوٹے، بڑے اجتماعات ہوئے جن میں فرزندان توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے رب کے حضور رمضان المبارک کے بعد عید الفطر جیسی نعمت پر شکر بجا لاتے ہوئے سجدہ ریز ہوئے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔

صدر مملکت نے اسلام آباد فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید ادا کی۔ انہوں نے قوم کوعید کی مبارک باد دی، عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا گو ہوں، اللہ تعالی اس مبارک دن کو خوشیوں کا سبب بنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و سالمیت کیلئے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کاخیال رکھیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس مظفر آباد میں نماز عید ادا کی، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد کے مدرسہ اقرا تعلیم القران میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے عید ملے۔ گورنر پنجاب نے لاہور میں، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان ، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں نماز عید ادا کی۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عید کی نماز ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان، مرتضیٰ وہاب ، خالد مقبول صدیقی اور عامرخان نے کراچی میں نماز عید ادا کی ۔

عید ہے خوشیوں کا نام ، میٹھے تہوار پر مسرتوں کا پیغام، ایک دوسرے کے گلے لگ کر گلے شکوے ختم کئے گئے ، مسکراتے چہروں کے ساتھ یار دوستوں کا استقبال کیا گیا،کراچی سے خیبر، گلگت سے کشمیر تک رنگ ہی رنگ بکھر گئے۔

عید کے پہلے روز گھروں میں قسم قسم کے پکوان تیار کئے گئے، بریانی، چکن کڑاہی، مٹن چانپ ، شامی کباب سے تواضع کی گئی، مہمانوں کی خوب خاطر مدارت کی گئی اور وہ انگلیاں چاٹتے رہ گئے۔

میٹھی عید پر میٹھا لازم ، کیک، مٹھائیوں کے تحائف خوشیاں بانٹنے کا بہترین ذریعہ ، بیکریوں پر رش، آرڈر پورا کرنا مشکل ہوگیا۔

گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے میٹھی عید پر چٹ پٹے کھانوں کی دعوت سجا ئی

گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے میٹھی عید پر چٹ پٹے کھانوں کی پر تکلف دعوت سجا لی، اکھاڑوں میں مخالف حریف کو چاروں شانے چت کر نے کیلئے دائو پیچ لڑانے والے پہلوانوں نے پائے، مٹن بیف ، قورمہ پر خوب دائو پیچ استعمال کیے۔

عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد تمام پہلوان روایتی لباس پہنےایک دوست کی طرف اکھٹے ہوئے، گلے ملکر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی ، گپ شپ کے بعد پہلوانوں کے کھانے پینے کا بندو بست شروع ہو گیا۔

پہلوانوں کی خوش خوراکی کو مدنظر رکھتے ہوئے وافر مقدار میں پکوان تیار کیے گئےاور کھانے کی دسترخوان کو پہلوانوں کے شایان شان ڈشز جس میں مٹن قورمہ ،پائے، چانپوں سمیت انواع و اقسام کے کھانوں سےسجایا گیا جس پر پہلوانوں نے خوب ہاتھ صاف کیے۔

پہلوانوں نے عید پر خصوصی دعوتوں کا شیڈول ترتیب دے دیا اور تین دن وہ خوب ڈٹ کر کھابوں پر ہاتھ صاف کریں گے، کھانے سے فراغت کے بعد پہلوانوں نے خوب سیلفیاں بنائیں۔

میٹھی عید کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے شہریوں نے تفریح گاہوں کا رخ کیا

نماز عید کے بعد سویاں بھی کھا لیں اور عیدی بھی وصول کر لی، اہداف پورے کرتے ہی بچہ پارٹی نے تفریح گاہوں کا رخ کیا۔

تفریح گاہوں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی، کوئی جھولے لے کر خوش تو کوئی اونٹ کی سواری میں مگن رہا۔ گھروں میں خواتین مہمانوں کی خاطر مدارات کی تیاریوں میں لگی رہیں، کسی نے اماں تو کسی نے ساس کی ریسیپی سے فائدہ اٹھایا۔ بریانی، چکن کڑاہی، مٹن چانپ ، شامی کباب سے عزیز رشتہ داروں کیلئے لذیذ پکوانوں کی تیاری کی گئی تھی۔

لاہور کے چڑیا گھر میں ہاؤس فل ، شیر، بندر اور ریچھ کے پنجروں پر ہجوم،جانوروں کے ساتھ اٹکھیلیاں ، بچوں نے اونٹ کی سواری کرکے ارمان بھی پورے کئے۔

کراچی کے سی ویو پر شہری امڈ آئے ، خوب ہلہ گلہ، منچلوں نے نہانے کے مزے لئے ، گھڑ سواری پر بھی زور ، بچوں کی جھولوں پر موج مستیاں رہیں۔

نماز عید کے بعد شہریوں کی اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری ، فاتحہ خوانی، پھول چڑھائے

 لاہور سمیت دیگر شہروں میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کرنے اور فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کیا۔

عید کا خوشیوں بھرا دن ہو تو سب سے پہلے وہ پیارے، عزیز و اقارب یاد آتے ہیں جو اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نماز عید ادا کرنے کے بعد فرزندان توحید اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے پہنچے تو قبرستان کی فضائیں اگربتی اور پھولوں کی خوشبو سے مہک اٹھیں۔

لاہور کے بی بی پاکدامن قبرستان میں بزرگ، بچے، خواتین اور جوان اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے رہے، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور سورہ یاسین کی تلاوت بھی کی۔

عید الفطر کے موقع پر پھولوں کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی دکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، پھول کی پتیوں کی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان سے پہلے ایک سو سے ڈیڑھ سو روپے فی کلو پتیاں فروخت ہوتی تھیں، اب قبروں پر بھی پھولوں کی پتیاں لے جانی مشکل ہو گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی مرضی کے ریٹ لگائے ہوئے ہیں، انتظامیہ کو چاہئیے کہ مذہبی تہوار کے موقع پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد

عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صبر، ایثار اور قربانی کے ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں۔ یہی اس دن کی حقیقی روح اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہے۔

 

Advertisement