عمران بارودی سرنگیں بچھا کر گئے، سعودی عرب جلد تیل کریڈٹ لمٹ پر بتائیگا: مفتاح

Published On 04 May,2022 07:20 pm

کراچی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نئی حکومت کیلئےمعاشی سطح پر بارودی سرنگیں بچھا کر گئے، مہنگائی میں کمی، روپے کی قدر بہتر ہو رہی ہے، یو اے ای سے اچھا رسپانس ملا، سعودی عرب بھی جلد تیل کریڈٹ لمٹ پر بتائے گا، سعودی عرب سے گزارش کی ہے اسٹیٹ بینک میں رکھے پیسے رواں سال واپس نہ لیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان آجکل ایسے بھاشن دے رہے ہیں جو 4 سال انکو نہیں پتہ تھا، کہتے تھے وہ ٹماٹر کی قیمت دیکھنے نہیں آئے لیکن ایک سابق وزیر آجکل قیمتیں بتا رہے ہیں، آئی ایم ایف سے ایسے وعدے کر گئے کہ جو پورے کرنا ممکن نہ تھا، انہوں نے اور تو کوئی کامیابی حاصل نہ کی لیکن بارودوی سرنگیں بچھا گئے، پاکستان بھر میں اب چینی 70 سے 75 روپے کلو مل رہی ہے، 2019 کے بعد اب پاکستان میں سستی ترین چینی ہے، آٹے کا تھیلا 10 کلو 400 میں مل رہا ہے، ہم 20 کلو کا تھیلا 1100 سے 800 پر لے کر آئے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ یہ شہباز شریف کی حکومت کی کامیابی ہے، گھی یوٹیلٹی سٹور پر 260 روپے میں مل رہا ہے، ہر بندہ گھی پر فی کلو 210 روپے بچا سکتا ہے، عمران خان تاریخ کی سب سے بڑی مہنگائی چھوڑ کر گئے، پاکستان کی تاریخ کا سب زیادہ قرضہ لیا، جو قرضہ 71 سال میں لیا اسکا 80 فیصد کے برابر عمران خان نے لیا، انہوں نے کرپشن کے بھی ریکارڈ بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کہتے ہیں مغربی ممالک سازش کر رہے ہیں، دوسری جانب سب اسی طرف جا رہے ہیں، عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ شہزاد اکبر کے کہنے پر کیسز بنتے تھے، بتائیں اتنی مہنگائی اور کرپشن کیوں چھوڑ کر گئے، یہ پٹرول، ڈیزل میں نقصان کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کو کہا ہم ڈیزل پر نقصان نہیں کرینگے، اب 70 روپے نقصان کر رہے ہیں، انہوں نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا پٹرول پر 90 روپے بڑھائیں گے، یہ دوغلی زبان میں بات کرتے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ خان صاحب بتائیں آپ نے پاکستان میں کتنے پاور پلانٹ لگائے؟، 7500 میگاواٹ بجلی اس لیے بند تھی کیونکہ انہوں نے گیس اور ایندھن نہیں دیا، شہباز شریف نے آتے ہیں چند دنوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دی، نواز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے پلانٹس لگائے، عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے لولڈ شیڈنگ تھی، آپ نے چار سال میں بتانا تھا کہ ہم نے کونسے پلانٹس مہنگے لگائے؟، آپ نے سی پیک کو رکوا دیا، امریکی سازش کے بعد وہ پارٹی آئی ہے جو چین سے تعلقات بحال کریگی۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی شاہ نے ہمیں خصوصی عزت دی، مسجد نبوی ﷺ میں ان کے لوگوں نے منظم طریقے سے گالیاں دیں، مریم اورنگزیب کو ان لوگوں نے گالیاں دیں، شاہ زین بگٹی کے بال کھینچے گئے، عزت دینے والا اللہ ہے اس نے ہمارے لیے روضہ رسول ﷺ اور کعبہ کا دروازہ کھلوایا، میں ایک دن ریاض میں رکا جہاں سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات ہوئی، پٹرول کی لمٹ میں اضافے پر بھی سعودی عرب جلد بتائے گا، کچھ دنوں میں آئی ایم ایف کا وفد آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یواے ای میں رکے انہوں نے بھی بہت عزت دی، کل لاہور میں یواے ای کا وفد آیا ان سے ملاقات ہوئی، بہت اچھا رسپانس ملا رہا ہے، دوسرے ممالک سے بھی ملے گا، پاکستان اسی صورت میں اچھا چلے گا جب یہاں روزگار اور کاروبار ہوگا، وزیراعظم چاہتے ہیں ملک میں روزگار ہو، 2013 سے 2018 تک چینی 53 روپے تھی، ہمارے جاتے ہیں چینی 110روپے کی ہوگئی، یہ کیسا اتفاق ہے عمران خان کے جاتے ہی چینی سستی ہوگئی، کچھ لوگ جانتے ہیں یہ اتفاق نہیں ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ان کے دل میں لوگوں کا درد نہیں ہے، گورنر اسٹیٹ بینک سے بات ہوئی انہیں بتایا کہ انہیں توسیع نہیں ملے گی، رضا باقر سے اچھی خواہشات کا اظہار کیا کیونکہ یہ نوازشریف کی پارٹی ہے، گالم گلوچ عمران خان کی پارٹی کا کلچر ہے، ہم انتقامی سیاست نہیں کرینگے ورنہ ہم میں اورعمران خان میں کیا فرق رہ جائے گا، پاکستان کی بدنصیبی ہے کہ شیخ رشید جیسے جھوٹے دوغلے سیاستدان آج بھی ہیں۔

 

Advertisement