حنیف عباسی کو معاون خصوصی وزیراعظم بنانے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 07 May,2022 06:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ اور محمد حنیف عباسی کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کے خلاف درخواست کی سماعت کریں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حنیف عباسی کے خلاف درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حنیف عباسی کے خلاف 21 جولائی 2012ء میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا۔ حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا یافتہ ہیں، ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی 2018 کو سزا سنائی تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کر رکھی ہے، مجرم ہونے کا فیصلہ ختم نہیں ہوا، سیکرٹری کابینہ اور حنیف عباسی بتائیں کہ کس قانون کے تحت اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔ حنیف عباسی کو 27 اپریل 2022 کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔

Advertisement