اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور اسد عمر کی جرمانے کیخلاف اپیلوں پر سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔ کمیشن نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم جمع کرانے کی ہدایت کردی
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور اسد عمر کے خلاف بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50، 50 ہزار جرمانے کے خلاف سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن حکم کیخلاف رٹ چل رہی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کسی بھی طرح کی فیصلہ سے روک رکھا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس ہائیکورٹ کا آرڈر ہے۔ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ آرڈر کے لیے درخواست دی ہوئی ہے، بدھ کو مل جائے گا۔ ممبر سندھ کا کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں، الیکشن کمیشن نے عمران خان اور اسد عمر کی اپیلوں پر سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔