لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے شادیوں پر ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے۔ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گا، ہماری حکومت عام آدمی کی حکومت ہے، ہم ہر وہ قدم اٹھائیں سے جس سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ انتظامیہ ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے، ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لوں گا۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کی اسلام آباد سے ویڈ لنک کے ذریعے شرکت کی۔