اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کوخبردار کردیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی، صدر مملکت اور گورنر پنجاب آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلیں، کسی بھی خلاف ورزی سے باز رہیں۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے صدر کے پاس کوئی ’اِن ہیرنٹ‘ یا ’ریذیڈیول‘ اختیارات نہیں، پارلیمانی جمہورریت میں صدر کا منصب علامتی ہوتا ہے، اُن کے پاس ’ویٹو‘ کا اختیار نہیں، صدر عارف علوی پی ٹی آئی سیکریٹریٹ اورعمران خان کے غلام نہ بنیں بلکہ آئین پر چلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرچیمہ جاتے جاتے کوئی نیا گند گھولنے سے باز رہیں اور شرافت سے گھر چلے جائیں، آئین سے ہٹنے والوں کو آئین، عدالت اور عوام کی سزا کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ چند گھنٹوں کے گورنر موصوف شرافت سے گھر چلے جائیں اور اپنی عزت مزید خراب نہ کریں توبہتر ہوگا، صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر چیمہ ایسا کوئی کام نہ کریں کہ تاریخ اور عوام آپ پر تھو تھو کرتی رہے۔