اسلام آباد:(دنیا نیوز) امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے، باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی، مودی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔
صدر مملکت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ آئی ٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سب سے اہم شعبہ ہے اور امریکی تاجر اس شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر الہان عمر نے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
الہان عمر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
Ms. Ilhan Omar, Member of the U.S. House of Representatives, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif today. Appreciating her courage of convictions and her political struggle, the Prime Minister warmly welcomed her on her first-ever visit to Pakistan. pic.twitter.com/UYjBS2twMa
— Prime Minister s Office (@PakPMO) April 20, 2022
وزیراعظم شہباز شریف سے بھی امریکہ کی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے الہان عمر کو پاکستان کے پہلے دورے پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی، پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان امریکہ تعلقات کو تقویت دینے میں سمندر پار پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور نمو میں ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شہباز شریف نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
رکن کانگریس الہان عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر 20 سے 24 اپریل 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات
اس سے قبل امریکی رکن کانگریس نے بنی گالا میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری بھی موجود تھے۔
عمران خان سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات
— Zahid Farooq Malik (@zfmalik) April 20, 2022
ملاقات بنی گالا میں ہوئی شاہ محمود قریشی شیریں مزاری بھی موجود pic.twitter.com/qspu8H4KaA
ملاقات کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے ہمراہ الہان عمر کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ملاقات میں اسلامو فوبیا اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ الہان عمر نے عمران خان اور عالمی سطح پر اسلام فوبیا کے خلاف ان کے موقف اور کام کو سراہا جبکہ ملاقات میں عمران خان نے الہان عمر کے ان مسائل پر جرات مندانہ اور اصولی موقف کو بھی سراہا۔
US Congresswoman Ilhan Omar (@Ilhan ) called on @ImranKhanPTI in Bani Gala. They discussed Islamophobia & related issues. Ilhan Omar expressed her admiration for Imran Khan and his work for Muslims globally. pic.twitter.com/TanGZU2ZHH
— PTI (@PTIofficial) April 20, 2022
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف سے بھی رکن امریکی کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔