اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ملکی سیاسی صورتحال، دوطرفہ معاملات پر بات چیت ہوئی جبکہ دونوں قائدین نے روابط میں تسلسل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق سے ٹیلی فونک بات چیت میں ملکی سیاسی صورتحال، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کو ایک باضابطہ سازش کے تحت ہٹایا گیا، قومی رجحانات کی حامل محب وطن قوتوں کو باہم ملکر اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔
سراج الحق کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، دونوں قائدین نے روابط میں تسلسل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت و منظوری سے پرویز خٹک اور اسد قیصر جماعت اسلامی سے روابط آگے بڑھانے کا فریضہ سرانجام دیں گے۔