اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ لینے والے امپورٹڈ کا طعنہ دے رہے ہیں، ان کے فارن اکاؤنٹس میں اسرائیل اور بھارت سے پیسے آئے، چور مچائے شور کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیئے، ہم نیا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، اپنی جیبیں گرم، ملک دیوالیہ کر گئے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو جو تحائف ملے ان کو بازار میں بیچ دیا گیا، ہمیں غداری اور امپورٹڈ کا طعنہ دینے والے نے بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ حاصل کی، چور مچائے شور کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے، حکومتی اتحاد کو کسی وقت نئے مینڈیٹ کا بھی سوچنا چاہیے، فیصلہ عوام میں دے دینا چاہیے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی نے تحریک کی منظوری دے دی ہے، صدر نے کوئی ایسی تقریر نہیں کی جس پر شکریہ ابھی تک مکمل نہیں ہو رہا، ان کی سوچ ہے عمران خان کے پاس اقتدار نہیں رہا تو ملک جائے بھاڑ میں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کے روز کا ایجنڈا بحال کیا جائے، کل ارکان نجی کارروائی کا ایجنڈا چلانا چاہتے ہیں، کل ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے ارکان کاغذات نامزدگی لیں گے، رولز میں ترمیم کر کے پرائیویٹ ممبر سے ختم کیا گیا، پرسوں ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہے کل کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پرسوں ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن ہوگا، ویسے بھی ایجنڈے پر کوئی زیادہ کام نہیں ہے، اسپیکر کی ہدایت پر لیگی رکن شزا فاطمہ خواجہ نے نجی کارروائی کا ایجنڈا بحال کرنے کی تحریک پیش کردی ہے۔