اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ میرا ذاتی تنازع نہ تھا نہ ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان نے خود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ایسٹ ریکوری یونٹ کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کو غلطی قرار دینے کے معاملہ پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم کا ردعمل آیا ہے۔
اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا، تاہم حقائق کی تصیح ضرور چاہتا ہوں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے کی سمری بھیجنا ایک حساس معاملہ تھا، اس لیے ہر پہلو کو جانچا گیا۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ میرا ذاتی تنازع نہ تھا نہ ہے، عمران خان نے خود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف اے آر یو کے مواد پر زور دیا، سابق وزیراعظم نے اے آر یو مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ براہ راست عمران خان کے ماتحت تھا، تین سالہ وزیر قانون کے دور میں مشکلات سے بھی دوچار رہا، اس وقت ملکی ماحول پہلے ہی بہت کشیدہ ہے، اس لئے مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔