پرویز الہٰی کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا، اتحادیوں کوساتھ لیکر چلیں گے: حمزہ شہباز

Published On 18 April,2022 11:22 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا قانون اپنا راستہ خود لے گا، پرویز الہٰی کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا، صوبے میں چار سال کے دوران صرف کرپشن ہوئی، اتحادیوں کوساتھ لیکرچلیں گے۔

عبدالعلیم خان کی طرف سے حمزہ شہباز کی آمد کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں جبکہ پرویز الہٰی ہنگامہ آرائی کیلئے لوگوں کو اکسا رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 4 سال میں صرف کرپشن ہوئی، میڈیا نے پرویز الہٰی کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، ہم نے انتقام کا صفحہ پھاڑ دیا ہے، قانون اپنا راستہ خود لے گا، آئندہ آنیوالی پنجاب حکومت عوام کیلئے کام کرے گی۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گھر تشریف لانے پر حمزہ شہباز کا مشکور ہوں، امید ہے حمزہ شہباز کی قیادت میں صوبے کے مسائل حل ہوں گے، امید ہے حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے گی اور آئندہ آنیوالی پنجاب حکومت عوام کے لئے کام کرے گی۔

واضح رہے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے، تحریک انصاف اور ق لیگ کے بائیکاٹ کے بعد ایوان میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوا، حمزہ شہباز کو 197 ووٹ پڑے جب کہ پرویز الہیٰ کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے ارکان نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو بھی زدو کوب کیا تھا۔