لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کی گورنر کو بھجوائی گئی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہنگامہ آرائی سے متعلق رپورٹ سیکرٹری اسمبلی محمد خان نے گورنر کو بھجوائی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہنگامے سے قبل ڈپٹی اسپیکر اپنے ذاتی گارڈز کیساتھ ایوان میں داخل ہوئے، اسمبلی ایوان سارجنٹ ایٹ آرمز کے علاوہ کسی سکیورٹی اہلکار کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی غیر پارلیمانی حرکت پر کچھ خاتون ایم پی ایز نے اسپیکر ڈائس کے پاس احتجاج کیا، احتجاج کرنے والی خواتین کو ڈپٹی اسپیکر کے گارڈز نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ گارڈز نے خواتین کو گندی گالیاں بھی دیں، ڈپٹی اسپیکر کے غیر پارلیمانی رویے نے ارکان اسمبلی کو احتجاج پر مجبور کیا، ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو ایوان میں آنے کی اجازت دی۔