گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری بھجوا دی گئی

Published On 17 April,2022 04:27 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری بھجوا دی گئی ہے۔

 خیال رہے کہ چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نئے گورنر کا عہدہ سونپا گیا تھا۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف کی تقریب موخر کروا دی اور گورنر نے آئینی ٹیم سے مشاورت مکمل کی۔

گورنر نے آئینی سفارشات صدر مملکت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا، صدر مملکت کی آئینی ٹیم سفارشات کا جائزہ لے گی جبکہ اس حوالے سے عمر سرفراز چیمہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی ، سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے بھی مشاورت کی تھی۔

جب تک صدر مملکت ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے عہدے پر ہوں: عمر سرفراز چیمہ

 عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت جب تک ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے میں آفس ہولڈر ہوں، سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ پر حلف برداری کو موخر کیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اسپیکر اسمبلی سے کل کے واقعے کی رپورٹ پر رائے مانگی ہے، وزیراعظم کے پاس گورنر کو ہٹانے کا صوابدیدی اختیار نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اپنی منجی تھلے ڈانگ پھیرے، غنڈوں کو بلا کرغنڈہ گردی کی گئی، ڈپٹی اسپیکر ایک لوٹے ثابت ہوئے ہیں، غیر آئینی کام کو آئینی قرار نہیں دے سکتا، رپورٹ پر رائے آنے تک حلف نہیں لے سکتا، حلف برداری موخر کی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ کا اتنخاب صاف شفاف ہونا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق جو کچھ ہوا وہ قوم نے دیکھا، کل جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، گزشتہ روز ارکان پنجاب اسمبلی پر تشدد کیا گیا، انہیں لوگوں نے پاک فوج کے میجر کو تشدد کا نشانہ بنایا، آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، پنجاب اسمبلی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن لوگوں کو اقتدار دیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہا کہ لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، مارپیٹ کے ذریعے الیکشن نہیں ہونا چاہیے، جس کے پاس اکثریت ہوتی ہے وہ تحمل سے کام لیتا ہے، ن میں سے ش نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، کل کا وزیراعلیٰ کا الیکشن متنازع ہوگیا ہے، میں نے آئین و قانون کی پاسداری کا حلف لیا ہے، وزیراعلیٰ کا الیکشن لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کےمطابق نہیں کرایا گیا، ارکان پارلیمنٹ کے اوپر کل دھاوا بولا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی عہدے پر بیٹھا ہوں کوئی غیر آئینی کام نہیں کروں گا، حمزہ شہباز اپنے گھر کی خبر لیں، ان کا الیکشن گھر سے متنازع بنایا گیا، سازش کے تحت ان کو اقتدار پر مسلط کروایا جارہا ہے، سازش کے تحت ان کو اقتدار پر مسلط کروایا جارہا ہے، ان لوگوں نے 4 سال عمران خان سے این آر او مانگا، ان کی پریشانی صرف اقتدار کے لیے ہے۔

صدر نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تردید کی ہے: فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری منظوری کے لئے صدر مملکت کو بھجوا دی ہے۔

اس حوالے سے فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور لکھا کہ گورنر کو ہٹانے کا اختیار صدر مملکت کا ہے، ان کے دفتر تک ایسی کوئی سمری نہیں پہنچی، لہٰذا عمر چیمہ گورنر پنجاب کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز کی چودھری پرویز الہی سے ملاقات، خیریت دریافت کی

 گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے چودھری پرویز الہی سے ملاقات کے دوران ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ آج چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے چودھری پرویز الہٰی پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایوان کا تقدس پامال کرنا قابل مذمت ہے، ‏پارلیمان کا تقدس اور آئین کا تحفظ اسمبلی ممبران کی ذمہ داری ہے‏۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گذشتہ روز ہنگامہ آرائی کے دوران چودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے تھے۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میری طبیعت بہت خراب ہے، مجھے مارنے کی کوشش کی گئی، یہ مجھے اپنی طرف سے ختم کرکے گئے ، شہباز شریف کے فون پر یہ کارروائی ہوئی، میں ابھی بھی سپیکر ہوں، یہ سپیکر کے ساتھ ہو رہا ہے، میرا بازو توڑ دیا ہے، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔

Advertisement