لاہور: (دنیا نیوز) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری آج ہو گی، حمزہ شہباز گورنر ہاؤس میں حلف اٹھائیں گے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے۔
حلف برداری کی تقریب رات آٹھ بجے گورنر ہاوس میں ہو گی۔ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ سپیکر یا گورنر میں سے حلف کون لے گا،گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے تاحال حلف لینے یا نہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے متعلقہ اداروں کو انتخابی نتائج سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ گورنر ہاؤس کو بھی وزیراعلیٰ کے انتخابی نتائج سے آگاہ کر دیا گیا ۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اورچودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے تھے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میری طبیعت بہت خراب ہے، مجھے مارنے کی کوشش کی گئی، یہ مجھے اپنی طرف سے ختم کرکے چلے گئے ، شہباز شریف کے فون پر یہ کارروائی ہوئی، میں ابھی بھی سپیکر ہوں، یہ سپیکر کے ساتھ ہو رہا ہے، میرا بازو توڑ دیا ہے، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔