لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں رانا مشہود اور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قوم نے پی ٹی آئی اور پرویز الہٰی کا اصل چہرہ دیکھ لیا، کل پنجاب اسمبلی میں غنڈے اتارے گئے، الزام ہم پر لگا دیا، تمام ویڈیو ثبوت موجود ہیں، پرویزالہٰی نے اس عمر میں غلط بیانی کی، آپ نے جو انگوٹھا لہرایا وہ ہم نے بھی دیکھا۔
عطا تارڑ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو جان کا خطرہ تھا اسکے باوجود انہوں نے اجلاس منعقد کیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہے، چودھری پرویزالہیٰ فوری طور پر ڈپٹی اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اجلاس بلائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا حملہ تھا؟ کیسا بازو ٹوٹا تھا؟ جو 2 منٹ میں جڑ بھی گیا، پرویزالہیٰ نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے ان پر حملہ کیا، آج تک اسمبلی پر غنڈوں کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، پرویزالہیٰ اپنے ذاتی غنڈے لیکر اسمبلی آئے، پولیس کو اسپیکر نے اسمبلی میں اس لئے بلایا کیونکہ ان پر حملہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کی خوشحالی سے مطلب نہیں، یہ اس طرح کے لوگ ہیں جنہیں ہر قیمت پر اقتدار چاہیے، کل پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ کا اصل چہرہ قوم نے دیکھ لیا، کل جو پنجاب اسمبلی میں کیا گیا جمہوریت کیلئے بدترین دھبہ ہے، ہم نے سینیٹ الیکشن میں نتائج کو تسلیم کیا، پاکستان میں تمام فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے، پنجاب اسمبلی کی فوٹیج نکال لی سب کےخلاف کارروائی کریں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو خاردار تاریں لگا کر نوگو ایریا بنا دیا گیا، 3 اپریل سے الیکشن شیڈول 6 اپریل پھر 16 کر دیا گیا، 3 اپریل سے الیکشن شیڈول 6 اپریل پھر 16 کر دیا گیا، 3 اپریل کو الیکشن کو ہوجاتا تو کونسی قیامت آجانی تھی، آپ اپنی مرضی سے اسمبلیاں چلانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی نے قوم کو لاقانونیت اور آئین کو توڑنے کا درس دیا، پی ٹی آئی نے قوم کو بدتمیزی سکھائی، سپریم کورٹ احکامات کے باوجود قومی اسمبلی کو یرغمال بنایا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ خواہش ہے فیاض الحسن چوہان بھی کبھی جیل نہ جائیں، ہم نیا آغاز کریں گے، انتقام نہیں لیں گے، 70 سے زائد پی ٹی آئی اراکین ہمیں کہہ رہے ہیں استعفے منظور نہ کیے جائیں، کل پرائیویٹ لوگوں کو وردیاں پہنائی گئیں، جن ہاتھوں سے آپ نے بددعا کی انہی ہاتھوں سے آپ نے گھر پر دعائےخیر کرائی تھی، اپوزیشن کو مار کر آپ کا چہرہ متکبرانہ تھا، آپ نے تھمز اپ کیا، گورنرصاحب آپ حلف نہیں لینا چاہتے تو کسی اور کو نامزد کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کل کے معاملے کی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، آج رات 8 بجے وزیراعلیٰ پنجاب کےعہدے کی حلف برداری کی تقریب ہوگی، مونس الہیٰ نے آپ کو ناقابل تلافی نقصان اٹھایا، گورنر پنجاب کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وزیراعلیٰ سےعہدے کا حلف لیں، اطلاعات ہیں گورنر صاحب بھی صدر مملکت کی طرح وزیراعلیٰ کا حلف نہیں لینا چاہتے، آپ نے پنجاب کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کرائی، چودھری صاحب آپ نے پنجاب کا وقار خاک میں ملایا، کل اگر کوئی بڑا نقصان ہوجاتا تو ذمہ دار کون ہوتا، آپ نے چودھری شجاعت حسین کی بات کو بھی کل خاک میں ملایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس طرح کی سیاست کبھی نہیں کی، چودھری صاحب ہم آپ کے گھر آئے دعائے خیر کرنے آئے، چودھری صاحب ہم آپ کے گھر پلیٹ میں وزارت اعلیٰ لیکر آئے تھے، نہیں جانتے آپ کے اپنے بیٹے مونس الہیٰ سے کیا معاملات ہیں، آپ نے جو تھمز اپ کیا ہے وہ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، کل ہاتھ اٹھا کر اللہ سے انصاف مانگنےکی دعا کی گئی، اللہ سے انصاف نہیں رحم مانگنا چاہیے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے ذاتی نگرانی میں لوگوں کو گیلری سے چھلانگیں لگانے کا کہا، پاکستانی عوام کیلئے کیا پیغام دے رہے ہیں، ہم دنیا بھر میں اپنا کیا تشخص لیکر جا رہے ہیں، پرویزالہیٰ نے اپنی نگرانی میں ذاتی گارڈز کو حملہ کرنے کا کہا، گجرات سے اپنے ذاتی گارڈز اور ذاتی فورس بلائی گئی، کل کے واقعے کی ویڈیوز موجود ہیں، پرویزالہیٰ اور پی ٹی آئی کے نمبرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کو تاخیر کا شکار کیا گیا، پچھلے 15 دن سے صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے ہے، پرویزالہیٰ سے درخواست ہے اب بس کر دیں، کل پاکستان کی جمہوریت میں سیاہ ترین دن تھا۔