مینار پاکستان گراؤنڈ میں آج پاور شو، عمران خان ویڈیو لنک سے خطاب کریں: ڈی سی لاہور

Published On 20 April,2022 07:56 pm

لاہور:(دنیا نیوز) مینار پاکستان گراؤنڈ میں پاور شو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج عوامی طاقت دکھائے گی، جلسے سے پہلے ریہرسل، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی ناصر باغ سے مینار پاکستان تک ریلی، جلسہ گاہ میں محفل سماع کا اہتمام اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی قیادت کو خط لکھ کر سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے زیراہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ میں جمعرات کو جلسہ عام ہو گا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

تحریک انصاف مینار پاکستان پر جمعرات کو سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسہ عام کے لیے تین مختلف انکلوژر بنائے گئے ہیں، عام افراد کے لیے جنرل انکلوژر، خواتین کے لیے لیڈیز جبکہ فیملیز کے لیے فیملی انکلوژر بنائے گئے ہیں، جلسہ کے لیے چالیس کنٹینروں پر مشتمل مین سٹیج تیار کیا گیا ہے جہاں 100 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

اراکین پارلیمنٹ کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا کے لیے علیحدہ علیحدہ کنٹینرز تیار کئیے گئے ہیں، جلسہ کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کی خصوصی کمیٹی کے اراکین بھی فرائض سرانجام دیں گے، جلسہ میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو تین درجہ سکیورٹی سے گزرنا ہوگا جبکہ خواتین کے انکلوژر میں خصوصی کیمرے بھی لگائے جا رہے ہیں۔

جلسہ کے لیے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت لاہور پہنچ گئی ہے اور گزشتہ روز مختلف ریلیاں بھی منعقد کی گئیں، جلسہ سے عمران خان کے علاوہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید، قاسم سوری، فواد چودھری، شفقت محمود، حماد اظہر اور دوسرے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

مینارِ پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے تاریخی جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں صدر پنجاب شفقت محمود کی زیرِصدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں افتخار درانی، مسرت جمشید چیمہ سمیت میڈیا و سماجی میڈیا کے ذمہ داران نے شرکت کی، جلسہ گاہ کے روٹ پلان کو حتمی شکل دی گئی، سٹیج کی ساخت اور اس پر براجمان ہونے والے مہمانانِ گرامی کی فہرست کو بھی حتمی شکل دی گئی جبکہ جلسہ گاہ میں تیاریوں کے حتمی جائزے کی روشنی میں انہیں اطمینان بخش قرار دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان جلسہ گاہ آنے کے بجائے ویڈیولنک پر خطاب کریں۔

 

Advertisement