وزیراعظم اور صدر کی ملاقات، گورنر پنجاب کو ہٹانے کیلئے سمری پر بات چیت

Published On 20 April,2022 04:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی، گورنر پنجاب کو ہٹانے کیلئے بھجوائی گئی سمری پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ایوان صدر آمد، عارف علوی سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں شہبازشریف نے صدر مملکت کی خیریت بھی دریافت کی، ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ ملاقات میں مملکت کے امورکی بجا آوری اور قومی سلامتی جیسے حساس معاملات زیر غور آئے۔

ملاقات میں اس تلخی کو بھی کم کرنے کی کوشش کی گئی جو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پیدا ہوئی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق فرائض انجام دے رہا ہوں۔

 مہنگائی اور بیروزگاری سمیت چیلنجز درپیش، قوم کے مفاد میں فیصلے کریں گے: وزیراعظم

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی اور بے روز گاری سمیت سخت چیلنجز درپیش ہیں، سابق حکومت ان سے نمٹنے میں ناکام رہی، ، قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کابینہ ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کیلئےآپ کی بہت قربانیاں ہیں، عدم اعتماد کے نتیجے میں اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی، ہمارا اتحاد ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، بجلی نہ ہونےکی وجہ سے درجنوں کارخانے بند ہیں۔ مشکلات ضرور آئیں گی لیکن دیکھنا ہو گا ان کا حل کیسے کرنا ہے، ہم نے ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دینی ہو گی، دیگر صوبوں کے مسائل پر بھی درددل کے ساتھ توجہ دینا ہو گی۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ مسائل فوری حل ہو جائیں مگر چینی کہاوت ہے کہ جہاں چیلنج ہے وہاں موقع بھی موجود ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 سال اپوزیشن کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس دوران کرپشن عروج پر تھی اسے ختم کرنا ہے۔ زہریلے پروپیگنڈے کا حقائق کی بنیاد پر جواب دینا ہو گا، محنت کےعلاوہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں۔

Advertisement