کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر نے کہا ہے کہ معاشی حالات دن بدن بد تر ہوتے جا رہے ہیں، فیصلہ سازی منجمد ہوچکی، حکومتی اتحادی ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے ہیں، دو ماہ کے دوران زر مبادلہ کے ذخائر 6 ارب ڈالر کم ہوگئے، ن لیگی حکومت آنے کے بعد مہنگائی کی شرح بھی گیارہ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، عوام کی بے چینی غصے میں بدل رہی ہے۔
سابق وزیر منصوبہ بندی اور رہنما تحریک انصاف اسدعمر نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال کے 9 ماہ کے اعداد و شمار آ چکے ہیں، دو ماہ کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں 6 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ جوتنکا تنکا جوڑ کر ڈھائی سال میں جمع کیا تھا وہ 2 ماہ میں اڑ گیا، موجودہ حکومت سعودی عرب گئی مگر وہاں سے خالی ہاتھ لوٹے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ملک کے لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی حکومت نےزراعت کیلئےسازگارپالیسی اپنائی۔ ہمارے دورمیں کسانوں کوانکی محنت کا صلہ ملا۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی فصل ہوئی، عمران حکومت کی زرعی پالیسیوں سے4فصلوں کی ریکارڈپیداوارہوئی۔ آلوکی فصل میں پچھلےسال سے34فیصدزیادہ اضافہ ہوا۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی مداخلت پر پی ٹی آئی حکومت کیخلاف عدم اعتماد لائی گئی، موجودہ وزیراعظم فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں رکھتے، شہباز شریف مفتاح اسماعیل اور وہ اسحاق ڈار کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نوازشریف اور نوازشریف، زرداری کی طرف دیکھ رہےہیں۔ زرداری صاحب شہباز شریف کی بے بسی سے اس وقت سب سے زیادہ لطف اٹھا رہے ہیں۔