فیصل آباد انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی غیر مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

Published On 14 May,2022 06:36 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی جگہ تبدیلی ہونے کے بعد لاٹھی چارج کے بعد فیصل آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کو غیر مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں سیکیورٹی پلان اور انتظامات پر کام کیا جانے لگا، تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں اجازت طلب نہیں کی گئی تھی۔ درخواست میں انتظامیہ کو جلسے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل سیالکوٹ کی پولیس نے بلااجازت مسیحی برادری کے سی ٹی آئی میدان میں جلسہ کرنے کی کوشش پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا جبکہ پی ٹی آئی نے بھی جلسے کا مقام تبدیل کرلیا۔

سیالکوٹ میں چرچ کی زمین پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا جس سے انہوں نے انکار کردیا۔ جلسہ گاہ تبدیل نہ کرنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد ، بیرسٹر جمشید غیاث بھلی کوحراست میں لے لیاگیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جلسہ گاہ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کردیا اور گراؤنڈ کو خالی کروالیا۔ بعدازاں تمام گرفتار شدگان کو رہا کرکے تھانہ لیسر کلاں سے واپس سیالکوٹ روانہ کردیا گیا۔
 

Advertisement