کھارادر کراچی میں بم دھماکا: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شواہد اکٹھے کرلیے

Published On 17 May,2022 02:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کھارا در کراچی میں بم دھماکے کی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ جاں بحق خاتون کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پیر کو ہونے والے کھارا در دھماکے میں جاں بحق خاتون کی نماز جنازہ ادا کر کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اہل خانہ، عزیز واقارب، اہل محلہ سمیت صوبائی وزیر سعید غنی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

35 سالہ ثانیہ دو بیٹے اور دو بیٹیوں کی ماں تھی۔ خاتون ڈوپٹوں کا کام کرتی تھی اسی کیلئے کپڑا لینے بیٹے کے ہمراہ گئی تھی۔ والد کے مطابق دھماکے میں بیٹی کو سینے کے قریب زخم لگا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

صبح بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اور قانونی نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے شواہد اکھٹے کئے۔ پولیس کے مطابق آئی ای ڈی ڈیوائس بم موٹرسائیکل کی ٹینکی میں نصب تھا۔ چارکلو وزنی بم میں تقریباً آدھا کلو بال بیئرنگز استعمال ہوئے۔ دھماکے کا ہدف گزرنے والی پولیس موبائل تھی۔ واقعے میں پولیس موبائل، رکشہ اور 5 موٹر سائیکلوں کو نقصان ہوا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی سندھ کو فون کر کے دہشتگردوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے معلومات لیں۔ شہباز شریف نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین پی پی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو یقین دلاتا ہوں، کراچی کے امن و ترقی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
 

Advertisement