پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے مابین قریبی تعلقات کی بہترین مثال ہے: وزیراعظم

Published On 20 May,2022 01:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے مابین قریبی تعلقات کی بہترین مثال ہے، دونوں ممالک تاریخٰی اور بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ممالک کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان ترکی کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، مختلف شعبوں میں ترکی اورپاکستان کوبہترین معاونت حاصل ہے، دونوں ممالک بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی این ایس بدرترکی کےایم ایس اسفات کےتعاون سےکراچی شپ یارڈپرتیارکیاگیا ہے، پاک ترکی اشتراک سے 2 کارویٹ جہازوں کی تعمیرپاکستان اور 2 کی ترکی میں کی جارہی ہے،جہازجدیدہتھیاروں اورسینسرزسےلیس ہوں گے۔ مقامی سطح پر جدید سٹیٹ آف دی آرٹ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر ملکی شپ بلڈنگ اور ڈیزائننگ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

وزیراعظم ایک روزہ سرکاری دورے پر کراچی میں موجود ہیں، پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب کے بعد وہ کراچی کی معروف کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے جس کے دوران ملک کو درپیش معاشی مشکلات پر تجاویز دی جائیں گی۔

 

Advertisement