لاہور: (لاہورنیوز) ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ سے شہید پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور سی ٹی او لاہور سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق وچوبند دستے نےشہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ کہتے ہیں شہید کانسٹیبل کے 5 بچوں کا پوری زندگی یتیمی پیچھا کرے گی۔ آپ کے اور میرے الفاظ ان کے زخم نہیں بھر سکتے۔ عمران نیازی شاید ان بچوں کے آنسو تمہارے دل کو نرم کر دیں اللہ تمہیں ہدایت دے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ نیازی ٹولہ سب کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ گرفتاریاں مشکل فیصلہ تھا جو عوام کے تحفظ کیلئے کیا۔ عوام سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں کہ ان کو مشکلات پیش آئیں گی۔ چینی اور گھی بھی سستا کریں گے۔ مجھے کابینہ اور گورنر نہ دو مگر عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔