اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی، اسمبلیوں کی تحلیل تک اسلام آباد میں رہیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کے ساتھ معاہدے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی تھی۔
Rumours & delib disinfo that a deal has been done. Absolutely not! We are moving towards Islamabad & no question of any deal. We will remain in Islamabad till announcement of dates for dissolution of assemblies & elections are given. Calling all ppl of Islamabad & Pindi to join
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 25, 2022
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پی ٹی آئی اور حکومت میں ڈیل طے پا گئی ہے اور عمران خان جلسےکےبعدواپس چلےجائیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ طے نہیں پایا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنے کیلئے اجازت مانگی تھی تاہم حکومت نے نقص امن کے خدشات کے تحت انکار کر دیا تھا، سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا تھا کہ تحریک انصاف کو جلسے کیلئے مناسب جگہ فراہم کی جائے، دوسری جانب تحریک انصاف کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ اپنا احتجاج ریکارڈ کروا کر واپس گھروں کو لوٹ جائیں۔