کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کا ملکی سیاست میں اہم کردار ہونے کے باوجود صوبے میں بار بار وزیر اعلیٰ کی تبدیلی معمول ہے، اسکا اندازہ ایسے لگایا جا سکتا ہے کہ 5 سالوں کے دوران 5 وزیر اعلیٰ تبدیل ہوئے، اسی طرح 10 سالوں میں 8 قائد ایوان منتخب ہوئے۔
سیاست کے شعبے میں بلوچستان کی ایک خاص پہچان ہے، سینیٹ کے انتخابات ہوں یا وفاقی حکومت کی تبدیلی، بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کا اہم کردار رہا ہے لیکن بلوچستان میں وزارت اعلیٰ کی بات کی جائے تو صوبے کے کسی وزیر اعلیٰ نے اپنی 5 سالہ مدت پوری نہیں کی۔
گزشتہ 5 سالوں کے دوران بلوچستان میں ایک نگران وزیر اعلیٰ سمیت 5 وزیر اعلیٰ تبدیل ہوئے جبکہ 10 سالوں کے دوران 2 نگران وزیر اعلیٰ سمیت 8 شخصیات وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہو چکی ہیں۔
گزشتہ سال تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں جام کمال کی حکومت کا خاتمہ ہوا لیکن 6 ماہ بعد ہی رواں سال 18 مئی کو ایک مرتبہ پھر وزارت اعلیٰ کی تبدیلی کے لیے تحریک عدم اعتماد جمع کردی گئی جس کا فیصلہ آنے والے چند روز میں ہونے جا رہا ہے۔