اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر بلوچستان جائیں گے، شہباز شریف خضدار، کچلاک روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات بھی شیڈول ہے۔ ادھر وزیر اعظم کی یورپی کمیشن کی صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، یورپی کمیشن کی صدر نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کی ترقی کیلئے متحرک، آج ایک روزہ دورے پر بلوچستان جائیں گے، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود بھی ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دو رویہ خضدار کچلاک روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے مسائل سے آگاہ کریں گے۔
ادھر وزیر اعظم شہباز شریف کی یورپی کمیشن کی صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، کمیشن نے پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش پر زور دیا۔
دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار، امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے جی ایس پی پلس انتظامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایک باہمی فائدہ مند سکیم ہونے کے ناطے اس نے پاکستان اور یورپی یونین کی تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے یورپی یونین کمیشن کی خدمات کو سراہا اور باہمی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم پر زور دیا، وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر کو دورہ کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو تیز کرنے اور مختلف شعبوں میں دونوں فریقوں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے رابطے میں رہنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔